لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی 20 کرکٹ کی شمولیت

ویب ڈیسک: ٹی 20 کرکٹ کی لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں شمولیت، منظوری دیدی گئی، ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹو بورڈ نے لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں کرکٹ شامل کرنے کی منظوری دی، جس کے ساتھ کرکٹ کی اولمپک سے 100 سال سے زائد عرصے کی دوری ختم ہوجائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئی او سی صدر تھامس بیچ نے بتایا کہ عہدیداروں نے لاس اینجلس اولمپکس کے منتظمین کی جانب سے دیگر 5 نئے کھیلوں کے ساتھ ٹی20 کرکٹ کی شمولیت کی تجویز منظور کرلی ہے جبکہ اس کے علاوہ دیگر کھیلوں میں بیس بال، سوف بال، فلیگ فٹ بال، سکواش اور لیکروس شامل ہیں۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں شامل دیگر کھیلوں کے انتخاب کیلئے حتمی منظوری کے لیے ووٹنگ پیر کو ہوگی۔
تھامس بیچ نے کہا کہ آئی او سی کے لیے نئے کھلاڑیوں اور شائقین کے ساتھ رابطے کے لیے یہ بہترین موقع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ٹی20 کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور 2028ء میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے امریکا میں استقبال کے لیے پرعزم ہیں۔یاد رہے کہ کرکٹ کو آخری مرتبہ پیرس اولمپکس 1900ء میں شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  افغان صوبہ بامیان میں فائرنگ ،3غیر ملکیوں سمیت 4افراد ہلاک