پاک بھارت میچ چیلنجنگ لیکن دباو ہم پر نہیں ہوگا، بابر اعظم

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس میں پاکستانی ٹیم تاحال فارم بحال کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی ہے۔ ایونٹ میں سب سے اہم میچ پاکستان اور بھارت کے مابین ہوتا ہے اس حوالے سے کپتان قومی ٹیم بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ چیلنجنگ ہوتا ہے، میچ میں ٹاس کا بہت اہم کردار ہو گا اور رات میں اوس پڑنے کی وجہ سے فلڈ لائٹس میں بیٹنگ آسان ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر احمد آباد کے بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے کیونکہ ہم پہلے بھی کئی بار تماشائیوں کی بڑی تعداد کے سامنے کھیل چکے ہیں، احمد آباد میں صرف بھارتی ٹیم کے ہی حامی ہوں گے لیکن اگر پاکستانی شائقین کو بھی میچ دیکھنے کی اجازت ہوتی تو یہ ہمارے لیے اچھا ہوتا تاہم اس کے باوجود تمام تر پریشر بھارت پر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم حیدرآباد میں اترے تو مجھے لگا کہ وہاں پاکستان کو کافی سپورٹ کیا گیا اور مجھے اس میچ میں بھی تماشائیوں سے امید ہے کہ وہ ہمیں سپورٹ کریں گے کیونکہ جس طرح ہمارا استقبال کیا گیا اورہمیں پیار ملا ناقابل بیان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں بہت بڑے سکور ہو رہے ہیں اس میں بولرز کیلئے آزمائش ہے اگر بال ذرا بھی ہٹ کر کی جائے گی تو اسے ہٹ ہو جانا ہی ہے اس لئے اپنے باؤلرز سے کہا ہے کہ صحیح لائن و لینتھ اور وکٹوں میں ہی گیند کریں۔
ایک سوال کے جواب میں کپتان قومی ٹیم بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے قطع نظر چیلنجنگ تو پاکستان اور بھارت کا میچ ہی ہے، اس میچ سے دونوں ٹیموں کے شائقین کی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں، ہم یہی دیکھتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو جلد کیسے آؤٹ کرنا ہے اور ان کے باؤلرز کے خلاف کیسے رنز کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں جتنے بھی میچز دیکھیں تو اس میں ٹاس بہت اہم ہے کیونکہ رات میں وکٹ بہتر ہو جاتی ہے تو بیٹنگ آسان ہوتی ہے اور میدان میں گزشتہ رات تھوڑی بہت اوس بھی تھی تو ٹاس بہت اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں:  سائفرکیس، عمران خان اور شاہ محمود کی اپیلوں پر سماعت 21 مئی کو ہوگی