اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، غزہ کا مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع

ویب ڈیسک: اسرائِیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ تواتر کیساتھ جاری ہے، غزہ کی پٹی پر مسلسل 26ویں روز شدید فضائی حملے اور توپ خانے سے شیلنگ کے بعد علاقے میں غزہ کا دنیا سے مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
اسرائیل کی غزہ پر تازہ بمباری اب تک کی شدید ترین کارروائی قرار دی جا رہی ہے، اس دوران غزہ کے ساحلی شہر پر 5 محاذوں سے حملہ کیا گیا، شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مسلح تنظیموں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے لائٹنگ بم بھی برسائے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج خان یونس کے مشرق میں عبسان قصبے کی طرف پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں۔ غزہ کے شمال مغرب میں کراما کے علاقے میں بھی پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جبکہ پٹی کے جنوب مشرق میں الزیتون محلے میں پرتشدد اسرائیلی بمباری بھی دیکھی گئی۔
دریں اثنا فلسطینی وزارت مواصلات نے غزہ کی پٹی کے ساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کے مکمل طور پر بند ہونے کی تصدیق کی ہے۔ غزہ کے سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ’پیلٹیل‘ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ بین الاقوامی رسائی دوبارہ منقطع ہونے کے باعث غزہ میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور:گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ بھی بڑھ گئی