ادویات کی خریداری کے لئے نرخ و معیار کا تعین کردیاگیا

ویب ڈیسک:محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں کیلئے اگلے سال30جون تک طبی آلات اور ادویات وغیرہ کی قیمت اور معیار کا تعین کردیا ہے اس سلسلے میں گذشتہ روز میڈیسن کوارڈی نیشن سیل کی جانب سے لسٹ جاری کردی گئی ہے جس کی روشنی میں ہسپتالوں کیلئے ادویات کی خریداری کا سلسلہ شروع کیا جائے گا محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ہر مالی سال کے دوران سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ دفاتر کیلئے ادویات اور طبی آلات وغیرہ کی خریداری کیلئے سنٹرلائزڈ سسٹم کے تحت قیمت ، کمپنی اور معیار کاتعین کیاجاتاہے اوراس لسٹ کے مطابق خریداری کی جاتی ہے رواں سال30جون کو اس لسٹ کی مدت ختم ہوگئی تھی
جس کیلئے محکمہ صحت نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی تھیں کئی ماہ کے غور کے بعد منگل کے روز ایم سی سی لسٹ جاری کردی گئی ہے اس ضمن میں متعلقہ اضلاع کے ہیلتھ افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس کے مطابق ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے تمام ڈائریکٹرز، تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، منیجرز ورٹیکل پروگرامز کیلئے موجودہ مالی سال کیلئے ہر لحاظ سے مکمل اورمنظور شدہ ایم سی سی فہرست پر عمل کیا جائے اس منظور شدہ ایم سی سی فہرست اور نرخوں کا تعین30 جون 2024 تک کیلئے درست ہوگا
مراسلہ کے مطابق خریداری کرنیوالے ادارے معاہدے کے مطابق خاص طور پر ڈیلیوری ٹائم فریم اور جرمانے کے حوالے سے شرائط و ضوابط کا جائزہ لینے کے ذمہ دار ہیں جبکہ خریداری کرنے والے ادارے ہر سپلائی آرڈر کی ایک کاپی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ اور ایم سی سی سیکشن میں جمع کروانا یقینی بنائیں گے اور خریداری کرنے والا ادارہ ڈرگ ایکٹ 1976 اور اس کے تحت وضع کردہ قواعد کے مطابق تجویز کردہ درست وارنٹی حاصل کرنا یقینی بنائے گا مراسلہ کے مطابق سپلائی کرنے والے، سپلائرز اور متعلقہ امور سے متعلق کسی بھی شکایت کے بارے میں چیئر مین ایس آر سی سی خیبر پختونخوا کو تحریری طور پر معاہدہ کی مدت کے اندر آگاہ کیا جائے گا
بصورت دیگر فراہم کنندگان کا سی ڈی آر جولائی 2024 میں جاری کیا جائے گا اور اس کے بعد شکایت درج کرانے میں تاخیر کی کوئی وجہ نہیں بتائی جائے گی مراسلہ کے مطابق خریداری کرنے والا ادارہ مروجہ قوانین اور ضوابط کے تحت معاہدے کی شقوں کے مطابق سامان کی سپلائی کی کامیابی سے تکمیل پر سپلائر زکو بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے گا۔

مزید پڑھیں:  سدھوموسے والا کیس کا مرکزی گینکسٹر امریکہ میں قتل