سرائے نورنگ: میئر عزیز اللہ خان کا ترکیہ سے وطن واپسی پر شاندار استقبال

میئر حاجی عزیز اللہ خان کے دورہ ترکیہ کے دوران استنبول کی باجیلر میونسپلٹی اور ٹی ایم اے نورنگ کے مابین سسٹر سٹی (جڑواں شہر) معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے
ویب ڈیسک: تحصیل کونسل سرائے نورنگ کے میئر عزیز اللہ خان کا برادر اسلامی ملک ترکیہ سے لکی مروت پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ۔ انڈس ہائی وے پر منجی والا چوک کے قریب ان کے پرتپاک استقبال کے لئے لوگوں کا جم غفیر جمع تھا۔
تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیزاللہ خان کا گنڈی چوک پہنچنے پروالہانہ استقبال کے مناظر دیدنی تھے، ڈھول کی تھاپ پر استقبالی شرکاء کافی پرجوش تھے، انہوں نے حاجی عزیز اللہ کو ہار پہنائے اور کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ میئر تحصیل کونسل حاجی عزیز اللہ خان کے دورہ ترکیہ کے دوران استنبول کی باجیلر میونسپلٹی اور ٹی ایم اے نورنگ کے مابین سسٹر سٹی (جڑواں شہر) معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
حاجی عزیز اللہ خان نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے سے مقامی نوجوانوں کے لئے ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت تعلیم کے راستے کھلیں گے۔
ترکیہ کے استنبول شہر کی باجیلر میونسپلٹی کے ساتھ سسٹر سٹی معاہدے سے نورنگ شہر اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کو عالمی شناخت ملے گی اور مستقبل میں اس معاہدے کے لوگوں کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، 20 روپے میں 120 گرام روٹی، صوبائی حکومت کا نیا حکم نامہ جاری