کرپشن اور بدعنوانی خوشحال خیبرپختونخوا کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، نگران وزیر اعلیٰ

ویب ڈیسک: صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور نیب خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انسداد بدعنوانی سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس( ر) سید ارشد حسین شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدعنوانی کسی بھی معاشرے کیلئے دیمک کی طرح خطرناک ہے، جو معاشرہ کرپشن کا شکار ہو جائے اسے بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں رہتی، کسی بھی معاشرے کی بربادی کیلئے یہ کافی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کرپشن معاشرے میں عدم مساوات اور نا انصافی کا موجب بنتی ہے، اس لئَے اسے ہمیشہ سے سماجی و معاشی ترقی کیلئَے ناسور سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام برائیوں کی جڑ ہی کرپشن ہے اس لئے اس کی بیخ کنی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سب کو اس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بدعنوانی کے خاتمے اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، خوشحال خیبرپختونخوا وژن متعارف کرا رہے ہیں جس کااہم ترین جزو بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
انہوں نے پرعزم انداز میں کہا کہ اگر مختصر ترین وقت میں کوئی اور کام ہو نہ ہو کرپشن کے خلاف ایک موثر میکنزم ضرور تیار کریں گے تاکہ اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے نیب اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ مساوات ، شفافیت، عدل وانصاف اور میرٹ کا بول بالا ہی بہتر طرز حکمرانی کی اصل روح ہے۔ اس کے بغیر کسی بھی کامیابی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

مزید پڑھیں:  آئر لینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ٹی 20میچ میں شکست دے دی