شندور پولو فیسٹیول سیاحت

شندور پولو فیسٹیول سیاحت کے فروغ کیلئے بین الاقوامی میلہ ہے، فیروز جمال شاہ

ویب ڈیسک: نگراں وزیراطلاعات فیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ شندور پولو فیسٹیول چترال میں سیاحت کے فروغ کیلئے بین الاقوامی میلہ ہے۔
چترال میں ٹورازم سمپوزیم کے انعقاد کے موقع پر نگراں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سمپوزیم کا مقصد چترال کے شاندار ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینے کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج، محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، ٹورازم اتھارٹی اور فرنٹیئر کور نارتھ کے تعاون سے چترال ٹورازم سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل نورولی خان تھے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم سب کو ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ کیلاش وادی سمیت سیاح یہاں آئے اور مقامی ثقافت کا بھی خیال رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چترال سمپوزیم کا مقصد وہاں کے مسائل کا خاتمہ کرنا ہے۔
تقریب میں سیکرٹری محکمہ سیاحت مطاہر زیب، ڈی جی ٹورازم برکت اللہ مروت نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں سیاحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ چترال سیاحوں کے لئے پاکستان میں سب سے زیادہ پرکشش مقامات میں سے ایک ہے، چترال میں معاشی، ثقافتی ورثہ کی بہت بڑی صلاحیت موجود ہے جسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف محکموں کے کردار پر بھی زور دیا۔
مقررین نے کہا کہ سمپوزیم کا انعقاد ایک مشترکہ کوشش کے تحت چترال کی ثقافتی میراث کے تحفظ کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور:پراگریس آفیسر کو دو اضلاع میں 8چارج دینے کی انکوائری شروع