نواز شریف

میرے خلاف شرمناک کھیل کے تمام چہرے بے نقاب ہو چکے‘نواز شریف

ویب ڈیسک : پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمات جھوٹے تھے، اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا جس نے مجھے سرخرو کیا‘ میرے خلاف شرمناک کھیل کے سارے چہرے بے نقاب ہو چکے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نے کہا میرے خلاف منظم سازش کا آغاز دھرنے سے شروع ہوا تھا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر میری چھٹی اور عمر بھی کے لیے نااہل بھی کر دیا گیا، اچھی طرح یاد ہو گا جے آئی ٹی کے لیے واٹس ایپ پر ہیرے چنے گئے، مجھے سیسلین مافیا، گاڈ فادر کی گالیاں دی گئیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کس طرح جسٹس کھوسہ نے درخواست گزار کو کہا ہمارے پاس درخواست لے کر آؤ مطلوبہ فیصلے حاصل کرنے کے لیے سینئر ججز کے گھروں میں جا کر دھمکیاں دی گئیں، یہ ساری باتیں ریکارڈ پر آچکی ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ آج بے گناہ قرار دیئے جانے پر پیچھے دیکھتا ہوں تو مشکلات کا لمبا سلسلہ نظر آتا ہے، بیٹی کے ساتھ سیکڑوں پیشیاں بھگتیں، میرے یہ زخم ہر روز تازہ ہوتے ہیں، اپنے والد، والدہ کا تابوت قبر میں نہیں اتار سکا، زندگی کے ہر لمحے سہارا دینے والی اہلیہ کے ساتھ آخری لمحات نہ گزار سکا، 6 سال بعد آخر میری بےگناہی ثابت ہو گئی، یہ کھلی ناانصافی کا ازالہ ہے جس کا مجھے نشانہ بنایا گیا۔
قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ نہ خود کو کئی سال پیچھے لا سکتا ہوں نہ اپنے پیاروں کو واپس لا سکتا ہوں، جھوٹ، فریب، سازشوں کی قلعی کھل گئی اور سچ سامنے آگیا، 6 سال سوچتا رہا مجھ سے دشمنی کرنے والوں نے عوام کو کیوں سزا دی، کسی لاڈلے کو لانے کے لیے مجھے سزا دینا ضروری تھا تو عوام کا کیا قصور تھا، پاکستان کو کیوں معاشی تباہی میں دھکیل دیا گیا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرے دور میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، پاکستان کو کیوں بھکاری بنا دیا گیا، ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہو گئے تھے، آج پاکستان میں سرمایہ کاری کیوں ر±ک گئی ہے، ہم چین سے سرمایہ کاری لے کر آئے تھے، پاکستان سے ہم نے دہشت گردی کو کچل دیا تھا پھر گڑھ کیوں بنا دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  جمہوریت کی مضبوطی کیلئَے آزاد صحافت کا کردار مسلمہ ہے، علی امین گنڈاپور