پی ٹی آئی اُمیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، پرویز الٰہی

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران چودھری شمشاد ملہی ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران قانونی امور اور الیکشن کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن ملتوی کرانے کی تمام سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔
سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی فوری اور منصفانہ انتخابات چاہتی ہے، پکڑ دھکڑ بند کی جائے اور ہمارے اُمیدواروں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑنے کے لئے قانونی حکمت عملی تیار کرلی۔