پولیو مہم کا بائیکاٹ

پشاور، بجلی بندش کے باعث 20 سے زائد دیہات کا پولیو مہم کا بائیکاٹ

ویب ڈیسک: پشاور کے نواحی علاقہ شیخ محمدی سلمان خیل ، شہاب خیل اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام نے گزشتہ 3 ماہ سے بجلی بندش کے خلاف انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ کرکے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین عزیز احمد اور دیگر علاقہ عمائدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے شیخ محمد ی فیڈر بند ہے جس کی وجہ سے یونین کونسل پشتخرہ کے علاقوں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ گھروں اور مساجد میں پانی نا پید ہو چکا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بجلی بندش کے حوالے سے متعدد بار متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور احتجاج بھی ریکارڈ کرائے گئے لیکن متعلقہ حکام نے چپ سادھ لی اور تاحال کسی قسم کی شنوائی نہیں ہوئی جس سے عوام میں شدیدبے چینی پائی جارہی ہے۔
شرکاءکا کہنا تھا کہ تین ماہ سے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے یہ علاقے کربلا کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجبوراً پولیو مہم سے بائیکاٹ کریں گے اور صوبائی اسمبلی کے سامنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی دھرنا دیںگے۔
بجلی کے مسئلے کا مستقل حل نکالنے کیلئے ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت اور واپڈا کو اس حوالے سے سنجیدہ مذاکرات کرنے ہوںگے اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
حکومت اور واپڈا حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا مستقل حل نکالیں بصورت دیگراس بار مکمل طور پر پولیو مہم کا بائیکاٹ کرکے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے غیر معینہ مدت کیلئے احتجاجی دھرنا پر مجبور ہوں گے۔

مزید پڑھیں:  گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی لاہور میں مریم نواز سے ملاقات