خواجہ سراء

عام انتخابات‘پشاور میں پہلی بار خواجہ سراءنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

ویب ڈیسک :پشاور میں پہلی بار خواجہ سراءنے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے صوبائی نشست پر آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں ۔
پشاور سے تعلق رکھنے والی خواجہ سرا ء صوبیا خان نے حلقہ پی کے 81 سے صوبائی سیٹ پر آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی کوہاٹ روڈ میں اسسٹنٹ کمشنر سید احسن علی شاہ کے دفتر میں جمع کرائے۔
صوبیا خان کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات جیت کر خواجہ سراء کمیونٹی کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں اور وہ اس سوچ کو بھی تبدیل کرنا چاہتی ہیں کہ خواجہ سراءمعاشرے میں فلاح و بہبود کے لیے کام نہیں کرسکتے ہیں، اگر ان کو اختیارات مل جائیں تو وہ لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرسکتے ہیں۔
صوبیا خان نے کہا کہ وہ غیر سرکاری تنظیموں اور سوشل ویلفیئر سے درخواست کریں گی کہ وہ ان کی انتخابی مہم کو سپورٹ کریں جبکہ ضلعی انتظامیہ سے بھی درخواست کریں گی کہ اس دوران انکو سکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی خواجہ سرا انتخابات میں براہ راست حصہ لے رہا ہے۔
صوبیا خان کہتی ہیں کہ خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ سیٹ نہ ہونے کہ وجہ سے انہوں نے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔

مزید پڑھیں:  وفاق سے حقوق لینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،ظاہر شاہ طورو