8 فروری کو ہر صورت الیکشن ہوں گے‘بلاول بھٹو

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہر صورت الیکشن ہوں گے‘انتخابات سے بھاگنا ن لیگ کی عادت بن چکی ہے لیکن اس بار عوام اسے بھاگنے نہیں دیں گے ۔
لاہور میں حلقہ این اے 127 میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے سنا تھا لاہور ن لیگ کا شہر ہے مگر یہاں تو مسلم لیگ ن نظر ہی نہیں آرہی‘عوام ذاتی دشمنی و سیاسی انتقام کی سیاست کو 8 فروری کو دفن کر کے نئے سفر کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاست دان اور سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ہے، ہم دس نکاتی عوامی معاشی معاہدے سےغربت، مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے پاکستان سے بھوک مٹانے کے لیے بھوک مٹاؤ پروگرام بھی شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم بنا تو تنخواہیں دگنی، پنجاب میں مفت تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے جبکہ غریب اور مستحق افرد کو 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
بلاول نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی منشور گھر گھر پہنچانے کا کام کریں اور لاہور کو بتائیں کہ پیپلزپارٹی میدان میں اتر چکی ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں 15فیصد اضافے کا امکان