مزید151فلسطینی شہید

غزہ پر بمباری جاری‘مزید151فلسطینی شہید

ویب ڈیسک :غزہ پر اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ‘مزید151 فلسطینی شہید اور248 زخمی ہوگئے ‘بمباری کی وجہ سے انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز بھی معطل ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں23ہزار708 فلسطینی شہید اور 60 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ پٹی میں ایک بار پھر مکمل کمیونیکیشن بلیک آو¿ٹ کر دیا گیا ، اسرائیلی بمباری کی وجہ سے غزہ میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز معطل ہوگئی۔
دیر البلاح میں الاقصیٰ شہداءاسپتال کے ڈائریکٹر نے خبردار کیا ہے کہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے ہسپتال جلد بند ہو جائے گا‘جنریٹر مکمل طور پر بند ہونے کی صورت میں بچوں اور مریضوں کو موت کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب گزشتہ24گھنٹوں میں غزہ پٹی میں 15 اسرائیلی اہلکار زخمی ہوئے،7 اکتوبر سے اب تک 580 فوجی ہلاک اور 2 ہزار 511 زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کو قرار دے دیا۔
نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقدمےکی آج دوسرے روز بھی سماعت ہوئی جس میں اسرائیل نے اپنے دفاع میں دلائل دیے۔
اسرائیل نے مقدمے میں اپنے دفاع میں دلائل دیتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار حماس کو قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل نے اپنا حق دفاع استعمال کیا، حماس اسپتالوں اور دیگر شہری مقامات کو استعمال کر رہا ہے، فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں عالمی قوانین کے مطابق ہیں۔
اسرائیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ غزہ میں نسل کشی نہیں کی جارہی، جنوبی افریقا مکمل کہانی نہیں سنا رہا، اسرائیل حماس کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ میں جائیداد تنازعہ پر بھائی کی فائرنگ سے بہن زخمی