ویزہ کی شرط، طورخم سرحد پر تجارتی سرگرمیاں تیسرے روز بھی معطل

ویب ڈیسک: پاک افغان کے درمیان واقع طورخم سرحد پر ویزہ کی شرط کے اطلاق پر تجارتی سرگرمیاں تیسرے روز بھی معطل رہیں۔ اس حوالے سے بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ ویزہ اور پاسپورٹ کی شرط پر عملدرآمد جاری ہے اس کے بغیر کسی کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بارڈر حکام نے بتایا کہ ویزے کے بغیر بارڈر کراس کرنے پر پابندی بدستور برقرار ہے، ویزے کی شرط کے باعث طورخم سرحد پر تجارتی سرگرمیاں آج تیسرے روز بھی معطل رہیں۔
حالیہ شرائط کے بعد طورخم سرحد کے دونوں اطراف پر سیکنڑوں گاڑیاں پھنس کر دہ گئیں۔ ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈرائیورز کا پابندی کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس شرط سے ڈرائیورز کو مستثنی قرار دیا جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بارڈر پر کھڑی گاڑیوں کو طورخم سرحد کراس کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ گاڑیوں میں موجود کروڑوں روپے کی اشیاء خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
بارڈر حکام نے کہا ہے کہ طورخم سرحد پر پیدل امدورفت بحال ہے، سفری دستاویزات چیک کرنے کے بعد پیدل بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو سفری دستاویزات مکمل کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی گئی تھی، مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد بارڈر پر ویزہ کی شرط کے اطلاق سمیت سفری دستاویزات مکمل کرنے کا فیصلہ لاگو کیا گیا۔
یاد رہے کہ طورخم بارڈر پر اس سے قبل بھی آمدورفت بند کی گئی تھی جس سے دونوں جانب سینکڑّون لوگ پھنس گئے تھے۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ کا فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ازخود نوٹس