وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط اور یقینی بنائیں گے‘آرمی چیف

ویب ڈیسک :پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط اور یقینی بنائیں گے‘مقامی صنعتوں کے فروغ اور خود انحصاری سے قومی ترقی کا راستہ متعین ہوتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے پی او ایف واہ کا دورہ کیا، آرمی چیف کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
سربراہ پاک فوج کو افواج پاکستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے میں ادارے کے تعاون پر بریفنگ دی گئی، پی او ایف سے ہونے والی دفاعی مصنوعات کی برآمدات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف مصنوعات کے تجربے کی رینج کا بھی دورہ کرکے مختلف ہتھیاروں کے ٹیسٹ ٹرائلز کا مشاہدہ کیا، جنرل عاصم منصیر نے پی او ایف کے افسروں اور اہلکاروں سے خطاب بھی کیا۔
آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی صنعتوں کے فروغ اور خود انحصاری سے قومی ترقی کا راستہ متعین ہوتا ہے، خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور یقینی بنائیں گے۔

مزید پڑھیں:  محکمہ اوقاف خیبر پختونخوا نے دلزاک روڈ پشاور پر پلازے کی لیز منسوخ کردی