تین بار کے ناکام وزیراعظم کو چوتھا موقع نہیں دینگے ‘ بلاول

ویب ڈیسک :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تین بار ناکام وزیراعظم رہنے والے شخص کو ہرگز چوتھا موقع نہیں دیں گے ‘آٹھ فروری کو عوام کے ذریعے حکومت بنائیں گے۔
بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا ایک شخص جس کے پاس نہ نظریہ ہے اور نہ منشور وہ چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتا ہے جو ہر بار ناکام رہا اسے کس خوشی میں چوتھی بار بھی وزیراعظم بننے کا موقع دیا جائے۔
پیپلز پارٹی ملک بھر میں جدوجہد کررہی ہے اور ہم نے چاروں صوبوں کے عوام کو اپنا منشور پیش کردیا ہے اقتدار میں آکر ہم اپنے دس نکاتی منشور پر عمل کریں گے، ہم مستحق افراد کو تین سو یونٹ بجلی فری دیں گے اور تنخواہوں کو دگنا کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جو سیاست کررہے ہیں وہ نفرت کی سیاست کررہے ہیں جس سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے مگر انہیں اس کی کوئی فکر نہیں اگر فکر ہے تو صرف چوتھی بار وزیراعظم بننے کی اور ہمیں ہمیں پاکستان کے معاشی بحران، مہنگائی اور بے روزگاری کی فکر ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کہ یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے اس نے ہر بار آکر پاکستان کا نہیں بلکہ عوام کا نقصان کیا، پی پی کا مقابلہ مسلم لیگ ن سے ہے اس الیکشن میں صرف دو جماعتیں ہیں جن کا مقابلہ ہے، عوام کو دعوت ہے کہ ہمارا ساتھ دیں تو ہم تیر کے ذریعے اس شیر کا شکار کریں گے اور اس شخص کو چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔

مزید پڑھیں:  محکمہ خوراک کا ایکشن، سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر پابند سلاسل