تمام چور اکھٹے ہو کر میرا مقابلہ نہیں کر سکتے، پرویز خٹک

ویب ڈیسک: چئیرمین پی ٹی آئِی پارلیمنٹرین پرویز خٹک نے رشکئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں میری صرف ایک خواہش ہے کہ نوشہرہ کے ہر گلی کوچے تک بنیادی سہولیات پہنچاوں۔
انہوں نے کہا کہ میں عمران خان نہیں کہ وعدہ کرکے بھول جاتا ہوں، میں جو وعدہ کرتا ہوں تو اسے پورا کر کے دکھاتا ہوں۔ میں ووٹ اس ملک اور اس صوبے کی ترقی کے لیے مانگ رہا ہوں۔ ضلع نوشہرہ کے 2 قومی اور 5 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میں اور میرے بچے الیکشن لڑ رہے ہیں اور اسے جیت کر دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دیڑھ سالہ پی ڈی ایم حکومت نے جاری ترقیاتی کام روک دیئے، پی ڈی ایم حکومت بتائے دیڑھ سال میں ایک کلومیٹر سڑک بنائی ہے، اپنے علاقے نوشہرہ کو تو سیلاب سے میں نے بچایا، یونیورسٹی اور کالج میں نے بنائے۔ اب یہ لوگ پریشان ہیں کہ پرویز خٹک سے کیسے نمٹیں گے، میں ان کو دن میں تارے دکھا دونگا۔
انہوں نے کہا کہ آج اس صوبے سے پرویز خٹک کی کارکردگی نکال دیں تو یہ صوبہ کھنڈر نظر آئے گا۔ یہاں کسی نے عوام سے اسلام کے نام پر ووٹ لیا تو کسی نے روٹی کپڑا اور مکان کے نام پر لیکن بنا کچھ بھی نہیں، انہوں نے یاد دلایا کہ 10 ہزار وظیفہ آج پرویز خٹک کی وجہ سے مساجد کے مولویوں کو مل رہا ہے۔
سابق وزیراعظم کی کارکردگی یاد دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ میں آونگا تو ڈالروں کی بارش ہوگی لیکن ڈالرز ہی غائب ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ایماندار لوگ ملے تو وہاں قرضے نہیں، وہاں ترقی کا دور دورا ہے۔ بنگلہ دیش ہم سے آزاد ہوا اور آج وہ ایک ترقیافتہ ملک ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹرین پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو کامیابی کا جشن منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ تمام چور اکھٹے ہوکر میرا مقابلہ کریں اور آج میری دلی خواہش پوری ہوگئی اب میں اکیلا انہیں شکست دونگا۔

مزید پڑھیں:  دیر لوئر میں چیتے نکل آئے، عوام میں خوف پھیل گیا، ویڈیو وائرل