آرمی چیف

کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور فوجی طاقت سے جواب دیں گے، آرمی چیف

ویب ڈیسک: جنرل سید عاصم منیر کے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور فوجی طاقت سے جواب دیں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، پاکستان کی خود مختاری کی خلاف وزری اور کسی بھی قسم کی جارحیت پر بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور جنرل سید عاصم منیرچیف آف آرمی سٹاف نے مظفرآباد کا دورہ کیا۔
اس کے علاوہ آرمی چیف نے ساریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جوانوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
جس پر آرمی چیف نے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں، بلند حوصلے اور موثر ردعمل کی تعریف کی۔
آرمی چیف و وزرائے اعظم پاکستان وآزاد کشمیر نے مظفر آباد میں قائم یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
اعلامئے کے مطابق آزاد جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کے بے دریغ ظلم و بربریت کے سامنے کشمیریوں کا استقامت غیر متزلزل ایمان مثالی ہے، IIOJK میں پیدا ہونے والے انسانی اور سلامتی کے بحران سے علاقائی امن اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم اور آرمی چیف نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان میں ہندوستانی ریاست کی سرپرستی میں دہشت گردی کا بھی ذکر کیا جس نے اب ہماری سرزمین پر انفرادی پاکستانی شہریوں کو گھناؤنے نشانہ بنایا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایسی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا۔

مزید پڑھیں:  گندم بحران کے ذمہ داران پنجاب اور وفاق میں اعلی عہدوں پر فائز ہیں