گیس مہنگی

گیس مزید 67 فیصد مہنگی، کابینہ نے منظوری دیدی

ویب ڈیسک: آئی ایم ایف کی شرط پر گیس مزید 67 فیصد مہنگی کردی گئی، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس قیمتوں میں 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل منتقلی کی منظوری بھی دے دی گئی
علاوہ ازیں بلک میں گیس استعمال کرنے والوں کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 900 روپے کا اضافہ، سی این جی سیکٹر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی این جی سیکٹر کے لیے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمتوں میں 170 روپے کا اضافہ ہوگا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ / منتقلی کی منظوری دے دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ اسپئیر پارٹس اور ٹائروں اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو سلطنت ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی، کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا، جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشتگردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل سعودیہ تعلقات سے مشرق وسطی کے تنازعات حل نہیں ہونگے، خامنہ ای