جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی

سپریم جوڈیشل کونسل اختیار سے تجاوز کر رہی ہے ،جسٹس ریٹائرڈ مظاہر نقوی

ویب ڈیسک : سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے کیونکہ ریٹائرڈ ججز کے خلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں ۔
سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط میں جسٹس (ریٹائرڈ) مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی میرے استعفے کے باوجود جاری ہے، میں 10 جنوری کو مستعفی ہو چکا ہوں جب کہ صدر مملکت نے میرا استعفیٰ منظوربھی کر لیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ میرے استعفے کی منظوری کا نوٹی فیکیشن آفیشل گزٹ میں بھی شائع ہو چکا ہے، آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ریٹائرڈ ججز کے خلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔
سابق جج نے اپنے خط میں لکھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا 12 جنوری کا حکم غیر قانونی ہے، اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے، میں آئینی اور قانونی طور پر کونسل کی اس کارروائی کا حصہ بننے کا پابند نہیں ہوں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا مرکزی سیکرٹریٹ بند، ملازمین فارغ