راولپنڈی ڈویژن میں الیکشن کالعدم قراردیا جانا چاہیے، بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر نے کمشنر راولپنڈی کے مستعفی ہونے اور انتخابی دھاندلی کے حوالے سے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام الزامات کی فوری انکوائری ہونی چاہئِے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے الزامات اور اعتراف جرم سمیت دیگر الزامات بہت سنگین نوعیت کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی پریس کانفرنس کے مطابق اگر انہوں نے جیتنے والوں کو ہروایا تو اس بات کی وضاحت کی جانی چاہئے کہ یہ جیتنے والا کون تھا؟، ہم نے آر اوز اور ڈی آر اوز سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بیان کے مطابق اگر فارم 45 سے صورتحال واضح ہو رہی ہے تو اس فارم کے مطابق ہم نشستیں جیت رہے ہیں۔ فارم 45 تمام سیاسی جماعتوں کے پاس موجود ہونے چاہئیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس اہم ترین پریس کانفرنس کے بعد راولپنڈی ڈویژن میں الیکشن کو کالعدم قراردیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پینشن پر ٹیکس کا نفاذ ناقابل قبول ہے، راجہ پرویز اشرف