ڈی آر اوز

ڈی آر اوز نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات مسترد کردیئے

ویب ڈیسک : کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات کے بعد ان کے زیر انتظام الیکشن کرانے والے تمام اضلاع کے ڈپٹی ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) نے دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شفاف انتخابات کرائے ہیں ۔
راولپنڈی میں لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد تعینات ہونے والے کمشنر راولپنڈی سیف انور جھپہ نے ڈی سی آفس میں پانچوں اضلاع کے ڈی آر اوز کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس میں ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈی آر او چکوال قراة العین، ڈی آر او اٹک راؤ عاطف رضا بھی ساتھ شریک تھے۔
راولپنڈی کے نئے کمشنر سیف انور جھپہ نے کہا کہ ڈی آر او جہلم کیپٹن سمیع بھی ساتھ ہیں، میں نے کمشنر پنڈی کا چارج سنبھالا ہے اور الیکشن میں کمشنر کا کوآرڈینیشن کے علاوہ کوئی کردار نہیں ہے۔
سیف انور جھپہ نے کہا کہ الیکشن 2024 شفاف انتخابات ہوئے، سابق کمشنر کے تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
ڈی آر او راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن شفاف کرائے ہیں، ہم تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں اور تمام الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ڈی آر او اٹک راؤ عاطف کا کہنا تھا کہ ہم نے اٹک میں الیکشن شفاف کرائے ہیں، ہمارے اوپر کوئی دباو نہیں تھا۔
ڈی آر او جہلم کیپٹن سمیع نے کہا کہ ڈی آر او جہلم کی حیثیت سے سابق کمشنر کے الزامات کی تردید کرتا ہوں، ہمارے اوپر کوئی دباو نہیں تھا، جہلم میں تمام قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر شفاف انتخابات کرائے ہیں۔
ڈی آر او چکوال قراة العین نے بھی الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ہم نے الیکشن ایکٹ اور الیکشن رولز کے تحت پولنگ کرائی ہے، ہم نے چکوال میں تمام انتخابات حلف کی پاسداری کرتے ہوئے کرائے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی مکمل چھان بین کرکے حقائق سامنے لائے جائیں۔

مزید پڑھیں:  7 ارب ڈالر بیل آؤٹ پیکج، آئی ایم ایف اجلاس جلد متوقع