کامران بنگش کیسز

کامران بنگش کے خلاف چترال اور کوہستان میں کیسز ختم

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ میں سابق وزیر کامران بنگش کے خلاف چترال اور کوہستان میں درج مقدمات کے حوالے سے سماعت ہوئی۔
یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کی ایف آئی آر خاتمے کے لئے دائر درخواست پر سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کی۔
ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران کامران بنگش کے خلاف چترال اور لوئر کوہستان میں درج مقدمات منسوخ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار علی زمان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کامران بنگش کے خلاف ڈی آئی خان، بنوں، چترال اور کوہستان میں مقدمات درج کئے گئے جبکہ تمام مقدمات میں ایک ہی نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیئے کہ اس پر تو ہماری ججمنٹ ہے کہ ایک ہی نوعیت کے الزامات پر ایک دوسری ایف آئی آر نہیں ہوسکتی۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ایک ہی نوعیت کے الزامات ہیں کہ کامران بنگش نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف باتیں کیں اور عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی آئی خان مقدمے سے درخواست گزار کے نام کو خارج کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے عدالت نے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے خلاف درج چترال اور کوہستان کے مقدمے منسوح کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی مل گئی