پنجاب اسمبلی

پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک:8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتیجے میں منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے حلف اٹھا لیا ۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا تھا جو 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا،اسپیکر سبطین خان نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا، حلف لینے والوں میں مریم نواز کے علاوہ مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی آج جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال بھی آج ہی ہو گی۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے جب کہ لیگی ارکان نواز شریف کی تصاویر لے کر ایوان پہنچے۔
مسلم لیگ (ن) کے 215 کے قریب اور سنی اتحاد کونسل کے 97 ارکان ایوان میں موجود ہیں، انہوں نے (ن) لیگ کے خلاف نعرے بازی کی جب کہ لیگی ارکان نے بھی ان کے نعروں کا جواب دیا، اجلاس میں سنی اتحاد کونسل اور (ن) لیگ کے ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کا 9 مئی اور فارم 47 بارے کاکڑ کے بیان پر پٹیشنز دائر کرنے کا فیصلہ