ڈاکٹر عباد اللہ کی علی امین گنڈاپور کو تعاون کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: ڈاکٹر عباد اللہ نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے علی امین گنڈاپور کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایوان میں جو کچھ ایک خاتون کیساتھ ہوا انتہائی مایوس کن ہے ہماری روایات ہیں جن کا خیال رکھنا سب پر لازم ہے۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار برائے قائد ایوان ڈاکٹر عباد اللہ نے علی امین گنڈاپور کو نیا قائد ایوان منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے حکومت کی ساتھ چلیں گے علی امین ایک قدم لیں گے ہم دوڑ کر آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی روایات کا خیال رکھنا سب پر لازم ہے، دو روز میں جو کچھ ایک خاتون رکن اسمبلی کیساتھ کیا گیا وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ہمیں چاہئے کہ اپنی روایات کا احترام کریں۔ پشتون معاشرہ گالم گلوچ اور انتہائی غلیظ گفتگو کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا ایسا نہیں ہوسکتا کہ جس کیساتھ زیادتی ہو رہی وہ آواز اٹھائے اور دوسرا خاموش رہے پہلے ہمارا لیڈر اندر تھا ہمیں انتخاب میں حصہ لینے نہیں دیا گیا مشکلات کھڑی کی گئیں۔
آج آپ کا لیڈر اندر ہے آپ کو بھی انتخاب میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا تمام سیاست دانوں کو ایک ساتھ ہونا پڑے گا تبھی یہ مسائل حل ہونگے اور ایسے اقدامات کا تدارک ممکن ہوسکے گا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کاپاکستانی سفیرسےرابطہ،طلباءکی واپسی کیلئےانتظامات کی ہدایت