صدارتی انتخاب، آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور

ویب ڈیسک: 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب کیلئے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور حکومتی اتحاد کے نامزد کردہ امیدوار آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ دوسری جانب محمود اچکزئی کے کاغذات پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ سابق صدر کے کاغذات نامزدگی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے تھے جنہیں جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، آصف علی زرداری دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوں گے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیشگی آصف زرداری کو مبارکباد بھی دی ہے۔
دوسری طرف صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک نے محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کردیا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے محمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
محمود اچکزئی کے صدارت کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ محمود اچکزئی نے اسمبلی فلور پر اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کے خلاف بیان دے کر آئین سے انحراف کیا۔

مزید پڑھیں:  شاہ خرچیاں کم ،مزدور کی تنخواہ بڑھانے کی کوشش کریں گے :وزیراعظم