امن و سلامتی پہلی ترجیح، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے دورہ چارسدہ کے موقع پر کہا ہے کہ امن و سلامتی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ترجیحی بنیادوں پر ضروری مالی وسائل اور گاڑیوں اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غربت میں کمی، روزگار کے مواقع اور کمزور طبقات کی ترقی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ترقی اہم ترجیحات ہیں۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ پولیس میں اصلاحات کو خطرہ نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے لیکن اصلاح ہمارا فرض ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ضلع چارسدہ کا مختصر دورہ کیا اور اس دوران شہید ایس پی اعجاز خان کے گھر فاتحہ خوانی کرنے گئے۔
زرائِع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے شہید ایس پی کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور اس موقع پر انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔
شہید کی بچیوں سے خصوصی ملاقات میں وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبائی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایس پی اعجاز خان نے جوانمردی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرکے جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اہل خانہ کو شہید پیکج کے تحت تمام مراعات دی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  بنوں، کلاس فور کو ڈیوٹی پر حاضر کرنا ہیڈ ماسٹر کو مہنگا پڑ گیا