پنجاب اسمبلی ، مخصوص نشستوں پر 24 نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر 24 نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر ملک محمد احمد خان اجلاس کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع ہوا۔
اس موقع پر کورم پورا ہونے پر سپیکر نے نو منتخب ارکان کو حلف کی دعوت دے دی اور سیکرٹری اسمبلی نے پینل آف چئیر کے ناموں کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے اسمبلی اجلاس کے دوران کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد ہمارے ارکان نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا، ہماری سیٹیں ہمیں دی جانی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق عدالت میں سماعت جاری ہے اس لئے حلف نہ لیا جائے۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہر کام آئین اور قانون کے مطابق کیا جارہا ہے۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب 24 اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ ان میںِ 21 خواتین اور 3 اقلیتی ممبران شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  صدرمملکت سے گورنر خیبرپختونخوا علی فیصل کنڈی کی ملاقات