صوبہ بھر میں شدید بارشیں و ژالہ باری،12افرادجاں بحق،متعددزخمی

ویب ڈیسک: صوبہ بھر میں شدید بارشیں و ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
صوبائِ دارالحکومت پشاور سمیت ایبٹ آباد، خیبر، دیر بالا، مردان ، رستم و دیگر اضلاع میں بارشیں و ژالہ باری ریکارڈ کی گئیں جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
ذرائع کے مطابق ورسک روڈ پر شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشیں و ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ بابو سر ٹاپ، نانگا پربت، فیری میڈوز اور بٹو گاہ ٹاپ سمیت دیگر علاقوں میں برفباری ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اپر کوہستان میں شدید بارشوں کے باعث داسو کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی نوٹ کئے گئے جس سے شاہراہ قراقرم بند کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج بھی خیبرپختونخوا سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔
ریسکیو1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز کی بارش کے باعث پشاور میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔
بارش کے باعث ہونے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی عمریں 10 سال سے کم ہیں۔
اس کے علاوہ چھتیں گرنے کے واقعات پشاور، نوشہرہ، شانگلہ، بنوں اور باجوڑ میں پیش آئے۔
ریسکیو کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں ہونیوالی بارشیں اور ژالہ باری موسم خوشگوار بنانے کے ساتھ ساتھ فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے جس سے پشاور میں بجلی کا نظام معطل رہا۔
دوسری جانب شانگلہ کی تحصيل الپوری لیلونی بانڈہ چینہ کے مقام پر گھر کا ایک کمرہ تیز بارش کی وجہ سے گر گیا جس میں ملبے تلے دب کر 2 افراد جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی۔
دوسری جانب پیسکو کے تمام فیڈرز ٹرپ کر جانے سے پشاور شہر تاریکی میں ڈوب گیا ۔ 24 گھنٹوں سے معطل بجلی ہونے کی وجہ سے شہریوں نے سحری بھی اندھیرے میں تیار کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزارہ موٹروے حویلیاں سے قلندر اباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
ضلع دیربالا کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سیاحتی مقام کمراٹ سمیت لواری ٹنل کے اطراف میں ہلکی برفباری شروع ہو گئی جس سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔
ضع بنوں میں بارشِ نے تباہی مچا دی۔ معاویہ گاؤں میں مکان کی چھت گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب کر چل بسے۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں کیلئے پہنچ گئیں۔
ریسکیو کی بروقت کارروائیوں کی بدولت زخمی بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں 77 مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کا اعلامیہ معطل