بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی تصدیق نہیں ہوئی:ڈاکٹر عاصم یوسف

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی تصدیق نہیں ہوئی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے آج صبح ملاقات ہوئی اور ان کا معائنہ کیا۔
بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے اس وقت کوئی شواہد نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو زہر دینے سے متعلق کوئی ٹیسٹ نہیں کر رہے۔
ذاتی معالج نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت 2ماہ پہلے کھانے کے بعد خراب ہوئی تھی، انہیں کھانا کھانے، نگلنے اور ہضم کرنے میں تکلیف ہوئی، بشری بی بی کو فکر تھی کہ کھانے میں مرچیں تھیں۔
ڈاکٹر عاصم کے مطابق اس وقت بشریٰ بی بی کو ایسے کسی مسئلے کی تصدیق نہیں ہوئی، بہتر ہو گا کہ چیک کیا جائے کہ کوئی سنجیدہ مسئلہ تو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک بشریٰ بی بی کی طبیعت بہتر نہیں ہے، اب وہ کم کھا رہی ہیں، پہلے دو ماہ جو تکلیف ہوئی، اس وقت علم نہیں کہ کیا ہوا تھا۔
ڈاکٹرعاصم یوسف نے کہا کہ صحت کے حوالے سے عمرکو دیکھتے ہوئے ٹیسٹ ہونے چاہئیں، صحت کے مسائل کی درست تصدیق کے لیے معدے کا معائنہ ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا ،ہیٹ ویو کا الرٹ جاری