ٹیکس نیٹ بڑھانےکیلئے سخت اقدامات کرنا ہوں گے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ افسران و حکام نے شرکت کی۔
علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے تحت وہیکل رجسٹریشن اینڈ منیجمنٹ، انٹیلی جنس اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اور پراپرٹی ٹیکس کے لیے الگ الگ ڈائریکٹوریٹس قائم کی جائیں تاکہ ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ محکمے کے ریونیو کو بڑھانے کے لئے موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم کی جائیں۔ اجلاس میں غیر مجاز افراد کے زیر استعمال ایکسائز گاڑیاں واپس لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ غیر مجاز افراد کو گاڑیاں واپس کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے جائیں۔ مقرر وقت میں گاڑیاں واپس نہ کرنے پر ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ گاڑیاں ضرورت کی بنیاد پر پولیس اور دیگر صوبائی محکموں کو دی جائیں جبکہ ایکسائز کے وئیر ہاؤس میں کھڑی ناکارہ گاڑیاں شفاف انداز میں نیلام کی جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی اور اس میں شفافیت کے لئے جی آئی ایس سسٹم متعارف کرایا جائے جبکہ کرائے پر لگے گھروں پر کمرشل ٹیکس وصول کرنے کے لئے میکنزم بنایا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پریزینٹیشن کی بجائے آن گراونڈ عملدرآمد پر یقین رکھتا ہوں۔ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں عوام کا اعتماد حاصل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں پر خرچ کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  قومی ویمنز کرکٹرز کو فٹنس بہتر بنانے کیلئے کاکول بھیجنے کا فیصلہ