ٹرین سفاری

عیدالفطر پر تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پرسیاحوں کیلئے تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں شرکا کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی سیر کرائی جائے گی۔
اس امر کا انکشاف انہوں نے ٹورازم اتھارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری سیاحت، ثقافت اور آثارقدیمہ محمد بختیار، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت، منیجر ایونٹس حسینہ شوکت اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ہفتہ 13 اپریل کو دوسری بار پشاور سے صوبہ کے تاریخی آثارقدیمہ تخت بھائی کے مقام تک ٹرین سفاری چلائی جا رہی ہے جس میں فیمیلز کو پشاور صدر ریلوے سٹیشن سے لیجایا جائے گا اور راستے میں مختلف تاریخی مقامات کی سیر کرائی جائے گی جن میں سٹی ریلوے سٹیشن، ناصر پور، پبی، نوشہرہ، رسالپور اور مردان شامل ہیں۔
زاہد چن زیب نے کہا کہ مستقبل میں ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کی سیر و تفریح کیلئے گاہے بگاہے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کرتے رہیں جبکہ سفاری ٹرین بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثے یعنی تخت بھائی کے آثارقدیمہ کے مقام پر شرکا کو مختلف تاریخی مقامات بالخصوص تخت بھائی میں قدیم بدھ خانقاہوں کی سیر بھی کرائی جائے گی۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت کا کہنا تھا کہ دورے میں مرد و خواتین اور بچوں کیلئے اس قابل ذکر مقام کی تاریخی اہمیت کو جاننے کیلئے ایک روزہ گائیڈڈ ٹور کا اہتمام بھی کرنے جا رہے ہیں۔
عیدالفطر پر جہاں سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس کے نوجوان سیاحوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہم کیلئے خدمات سرانجام دینگے وہیں سیاحوں کیلئے سیر و تفریح کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ ٹور کے دوران شرکا کو پہلی صدی عیسوی کی بدھ تہذیب کی باقیات کی معلومات سے روشناس کرایا جائے گا۔
روانگی سے قبل ریلوے سٹیشن آمد کے موقع پر شرکا کو روایتی بینڈ کی دھنوں سے خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ دوران سفر ماہر آثارقدیمہ اور گائیڈ تخت بھائی کی تاریخ اور فن تعمیر کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کریں گے۔
دورے کا مقصد صوبہ میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ شرکا کو مذہبی، ثقافتی اور آثارقدیمہ کے مقامات، ورثے اور تاریخ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس علاقے اور یہاں کی ماضی کی شان و شوکت کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور:پراگریس آفیسر کو دو اضلاع میں 8چارج دینے کی انکوائری شروع