چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ انتخابات روکنے کیلئے پی ٹی آئی متحرک، بائیکاٹ کا فیصلہ

ویب ڈیسک: چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات روکنے کیلئے پی ٹی آئی متحرک ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات روکنے کیلئے آئینی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ اس میں موقف اختیار کیا گیا ہے سینیٹ کے قیام کا مقصد تمام صوبوں کی برابر نمائندگی یقینی بنانا ہے۔
پی ٹی آئی کی درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے خیبر پختونخوا کو اس کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے لہٰذا صوبے کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک سینیٹ انتخابات روکے جائیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
شعیب شاہین نے اس کے جواب میں کہا کہ نہیں وہاں پر اور معاملہ ہے۔ کل الیکشن ہونے جا رہا ہے اور ہم نے اسے چیلنج کیا ہے۔ اب وہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے، جو پشاور ہائیکورٹ نے آرڈر کیا تھا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔
ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نے استدعا کی کہ خیبر پختونخوا کی سینیٹ نشستوں کے انتخاب تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب روکا جائے۔
شعیب شاہین نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا الیکشن بغیر مخصوص نشستوں کے ہوا، وزرائے اعلیٰ کا الیکشن بھی بغیر مخصوص نشستوں کے ہوا۔
انہوں نے اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کی سینٹ نشتسوں کی تعداد برابر ہے۔ اس لئے ایک صوبے میں الیکشن ملتوی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ فاٹا کا اب کیا ہوگا؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کردیا گیا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے علاوہ باقی صوبوں بشمول وفاق کے سینٹ الیکشن ہوگئے ہیں۔
بعدازاں اسلا م آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن روکنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کل کے الیکشن پر حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب :رواں سال حاجیوں کیلئے اہم شرط عائد