یوسف گیلانی

یوسف گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ،سیدال ناصرڈپٹی منتخب،حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک: حکومتی اتحاد کی طرف سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ جب کہ مسلم لیگ (ن)کے سردار سیدال خان ناصر بلا مقابلہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔
سینیٹ اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پریزائیڈنگ افسر کی ذمہ داریاں انجام دیں۔
سینیٹ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے پی کے سینیٹر نہیں آجاتے اس اجلاس کو ملتوی کیا جائے۔
بعد ازاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بطور پریزائیڈنگ افسر نو منتخب سینیٹرز سے حلف لیا جس کے بعد ارکان نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔
آزاد حیثیت میں سینیٹر منتخب ہونے والے فیصل وواڈا اور جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔
چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدواریوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار سیدال خان ناصرنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ دونوں امیدواروں کے مقابلے میں کسی نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
بعد ازاں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی اور(ن)لیگ کے سردار سیدال خان بلا مقابلہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی نے اپنی نشست سنبھال لی اور ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر سے حلف لیا۔

مزید پڑھیں:  وفاق سے حقوق کے حصول میں وکلاء برادری ہمارا ساتھ دے، علی امین گنڈاپور