قومی سکواڈ کا اعلان

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان

ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
سیریز 18سے 27اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے لیے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔
بابر اعظم کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں 2نئے کھلاڑی عثمان خان اور عرفان خان نیازی کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عماد وسیم اور محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوگی جبکہ 5ریزرو کھلاڑی بھی اس سیریز میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے خود کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے دستیاب ہونے کا اعلان کیا تھا، عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال نیوزی لینڈ ہی کے خلاف راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کی تھی۔
محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا، محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
سکواڈ بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان ، عرفان خان نیازی، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر، فخرزمان اور ابرار احمد پر مشتمل ہے ۔
ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  آئی سی سی ایک روزہ رینکنگ میں بابر اعظم بدستور نمبر ون، ٹی 20 میں چوتھی پوزیشن