آئی ایم ایف

نیا قرض ،آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست منظور کرلی

ویب ڈیسک: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان نئے قرض پروگرام پر اہم پیشرفت، آئی ایم ایف نے 6سے 8ارب ڈالر کے نئے بیل آؤٹ پیکیج کے لیے پاکستان کی درخواست منظور کر لی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے نیا قرض پروگرام تین سال سے زائد مدت کیلئے ہونے کا امکان ہے۔
مجوزہ بیل آؤٹ پیکیج میں توسیعی فنڈ کی سہولت اور کلائمیٹ فنانسنگ کیلیے فنڈنگ شامل ہیں۔
آئی ایم ایف وفد نئے قرض پروگرام پر مذاکرات کیلئے آئندہ ماہ کے دوران پاکستان پہنچے گا، مذاکرات نئے قرض پروگرام اور آئندہ مالی سال کے بجٹ پروپوزل پر ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو 2درخواستیں دی گئیں، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی کی درخواست منظور ہوئی۔
دوسری درخواست پر مشن دورہ پاکستان کے دوران جائزہ لے گا، ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی کے تحت پاکستان تقریبا ً6ارب ڈالر قرض لے سکے گا۔
عالمی بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو حتمی شکل دیئے جانے کو اطمینان بخش قرار دیا۔
واشنگٹن میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترکیہ کے ٹی وی چینل کو انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کے بڑے اور طویل المدتی بیل آؤٹ پروگرام کا خواہاں ہے، آئی ایم ایف حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے، یہ پروگرام آئی ایم ایف کا نہیں بلکہ پاکستان کا پروگرام ہے جس کی حمایت، معاونت اور مالی اعانت آئی ایم ایف کر رہا ہے، بعض شعبے جن کو بڑے پیمانے پر ٹیکس نیٹ میں لانے کی ضرورت ہے، ان میں زراعت ، رئیل اسٹیٹ، پراپرٹی کی تعمیرات ودیگر شعبے شامل ہیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ایشیا انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لی قن نے ملاقات کی اور پاکستان کی اقتصادی ترجیحات سمیت بنیادی شعبہ کے ڈھانچے کی ترقی میں باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خزانہ نے جن لی قن کو بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ ایک بڑے اور وسیع پروگرام میں جانے کا خواہشمند ہے تاکہ ایس بی اے کے تحت حاصل معاشی ترقی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک کے علاقائی نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مسٹر مارٹن رائزر سے بھی ملاقات کی ۔
ملاقات کے موقع پر وزیر خزانہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو جلد ہی حتمی شکل دی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  مردان میں گھر کے اندر فائرنگ ،خاتون سمیت دو افراد قتل