پولنگ کا وقت ختم

ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم،ووٹوں کی گنتی جاری

ویب ڈیسک: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیاجس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔
صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔
پی بی(0 (قلعہ عبداللہ)کے تمام حلقوں میں بھی دوبارہ پولنگ ہوئی ، این اے 8باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے عام انتخابات کیلئے امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے تھے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اور پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چٹھہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی، موبائل فون سروس کی بندش انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیتے رہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا تھا، سینٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور شکایات درج کرانے کی سہولت دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  جمرود،علاقہ شاہ کس میں بدبخت بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل، مقدمہ درج