ضمنی انتخابات، ن لیگ کی واضح برتری، شہباز شریف کی مبارکباد

ویب ڈیسک: ملک بھر میں ہونےوالے ضمنی انتخابات میں ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب رہی جس پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے انہیں مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
قومی و صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوئی۔
قومی اسمبلی کیلئے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے 2، 2 جبکہ سندھ سے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہوئے۔
صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں کیلئے ہونے والے ضمنی انتخابات میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی سے 2، 2 جبکہ پنجاب کی 12 نشستیں شامل ہیں۔
نتائج کے مطابق این اے 8 باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب 67231 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے۔
این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں سنی اتحاد کونسل کے فیصل امین گنڈاپور 56995 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔
این اے 119 لاہور 3 سے ن لیگ کے علی پرویز ملک 61 ہزار 86 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔
این اے 132 قصور 2 سے ملک رشید احمد 1 لاکھ 46 ہزار 849 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، ان کا تعلق بھی ن لیگ سے ہی ہے۔
این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو کامیاب ہوئے۔
پنجاب کے حلقہ پی پی22 چکوال، تلہ گنگ میں ن لیگ کے فلک شیر اعوان، پی پی 36 علی پور چٹھہ سے ن لیگ کے عدنان افضل چٹھہ ، پی پی 54 نارووال 1 سے ن لیگ کے احمد اقبال چودھری کامیاب ہوئے۔
صوبہ پنجاب کے حلقہ پی پی 93 بھکر 5 سے ن لیگ کے سعید اکبر خان، پی پی 139 شیخوپورہ 4 سے ن لیگ کے رانا افضال حسین، پی پی 147 لاہور 3 سے ن لیگ کے محمد ریاض، پی پی 149 لاہور 5 سے آئی پی پی کے امیدوار اور مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ محمد شعیب صدیقی، پی پی 158 لاہور 14 سے ن لیگ کے چودھری محمد نواز، پی پی 164 لاہور 20 سے ن لیگ کے راشد منہاس فاتح قرار پائے۔
پنجاب کے صوبائی حلقہ 266 صادق آباد سے غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ممتاز علی چانگ، پی پی 290 ڈیرہ غازی خان 5 سے ن لیگ کے علی محمد لغاری کامیاب رہے۔
ضمنی انتخابات میں خیبرپختونخوا کے 2 حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ پی کے 22 باجوڑ سے آزاد امیدوار مبارک زیب کامیاب اور پی کے 91 کوہاٹ 2 میں سنی اتحاد کونسل کے داؤد شاہ آفریدی فاتح رہے۔
بلوچستان کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی بی 20 خضدار 3 سے بی این پی کے میر جہانزیب مینگل، پی بی 22 لسبیلا سے ن لیگ کے امیدوار محمد زرین خان مگسی کامیاب قرار پائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباد پیش کردی۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔

مزید پڑھیں:  نیتن یاہو کا غزہ جنگ میں بندی تسلیم کرنے سے انکار