حکومت خیبرپختونخوا اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لو دیپنگ کی قیادت میں عالمی ادارہ صحت کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد اس موقع پر صوبائی وزیر صحت قاسم علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صوبے میں عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے چلنے والے پروگراموں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان تعاون اور اشتراک کار بڑھانے پر بھی اتفاق پایا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت عالمی ادارہ صحت کے اشتراک کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت عامہ خصوصاً پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی ادارہ صحت کا کردار قابل ستائش ہے۔ صوبائی حکومت انسداد پولیو پروگرام کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت ان شعبوں میں ڈونر اداروں کے اشتراک اور تعاون کا خیر مقدم کرے گی۔
ڈبلیو ایچ او کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لو دیپنگ کے مطابق عالمی ادارہ صحت صوبائی حکومت کے اشتراک سے صوبے میں صحت عامہ کے مختلف شعبوں میں کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے صحت عامہ کے پروگراموں پر عملدرآمد میں کردار قابل ستائش ہے۔
ڈاکٹر لو دیپنگ کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او انسداد پولیو پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومت خصوصاً وزیر اعلی کے قائدانہ کردار کا معترف ہے۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں لاپتہ پاکستانی لڑکا مردہ حالت میں برآمد