پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی دونوں نے ملک کو نقصان پہنچایا، پروفیسر ابراہیم خان

ویب ڈیسک: جماعت اسلامی کی صوبائی مجلسِ شوریٰ کا دو روزہ اجلاس شروع ہو گیا جس میں صوبائی سیکرٹری جنرل، نائب امراء، ڈپٹی سیکرٹریز،اراکین مجلس شوریٰ اور امراء اضلاع شریک ہوئے۔
اجلاس کے افتتاحی سیشن سے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین نشستوں کے معاملے پر جوتوں میں دال بانٹی گئی ہے جبکہ سیاسی جماعتوں میں نشستیں تقسیم کی گئی ہیں۔
پروفیسر ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت، اپوزیشن اور الیکشن کمیشن کی آپسی لڑائی کی وجہ سے سینیٹ میں خیبر پختونخوا نمائندگی سے محروم ہو رہا ہے۔ اس لڑائِ سے صوبے کے عوام کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔
صوبائِی امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ رویہ دونوں حکومتوں کے لیے مناسب نہیں، عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومتیں منتخب کی ہیں، اب عوامی مسائل کا ادراک کرنا ان حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
پروفیسر ابراہیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام سہاروں پر کھڑا ہے جو کسی بھی وقت دھڑام سے گر سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، دونوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔
صوبائی مجلس شوریٰ میں انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ وسائل سے مالا مال ہے لیکن اس پر وفاق قابض ہے جبکہ اس کے بدلے وفاق نے ہمیں صرف مسائل ہی دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کو گیس کی رائلٹی اور بجلی کا خالص منافع تک نہیں دیا جارہا جو ہمارا حق بنتا ہے۔
جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے کہا کہ وفاق خیبر پختونخوا سے سستے داموں بجلی خرید کر مہنگے داموں ہم ہی پر بیچ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  صوبے کے حقوق لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھوں گا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور