انتخابات میں دھاندلی پر تحریک انصاف نے وائٹ پیپر جاری کر دیا

ویب ڈیسک: انتخابات مبینہ دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف نے 300 صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کر دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر، عمرایوب اور شبلی فراز نے اس حوالے سے کہا کہ الیکشن میں ہمیں کوئی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی۔ یہاں تک کہ بلے کا انتخابی نشان تک ہم سے لیا گیا جبکہ کامیابی کےبعد فارم 47 کے ذریعے ہم سے جیت بھی چھین لی۔
بیرسٹرگوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں ہم جیت چکے تھے جو فارم 47 کے تحت دوسری جماعتوں کو دی گئیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پٹیشن سپریم کورٹ میں جلد سنی جائے اور اس پر انکوائری کمیشن بنے جو دیکھے کہ تحریک انصاف کو کیسے ہرایا گیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے ہماری سیٹوں کو تبدیل کیا گیا۔ اس حوالے سے وائٹ پیپرکے 300 پیج میں تمام شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر بھی فوری مستعفی ہوں کیونکہ انہوں نے عوامی امانت میں خیانت کی ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، ایم کیوایم نے ای وی ایم کی مخالفت کی اس لئے انہیں شفاف الیکشن سوٹ نہیں کرتا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم ون میں ملکی اکانومی کی تباہی ہوئی، تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد کیا گیا اور انہیں ڈرایا دھمکایا گیا۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی تاریخ میں تحریک انصاف سے انتخابی نشان چھیننے سے بڑا ظلم کہیں نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے عوام کو داد دیتے ہوئے کہا کہ سلام ہے انہیں جنہوں نے بلے کا نشان نہ ہونے کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں کو ووٹ دیئے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی فوج پر حزب اللہ کا راکٹ حملہ، 1 فوجی ہلاک ، 5 شدید زخمی