پاکستان کا سیٹلائٹ خلائی مشن آئی کیوب چاند کے مدار میں داخل

ویب ڈیسک: پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ خلائی مشن آئی کیوب چاند کے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچ گیا
چانگ ای 6مشن نے پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مدار میں پہنچا دیا، آئی کیوب قمر کی ڈپلائمنٹ کے بعد ایس او پیز کے مطابق تمام ذیلی سسٹمز کا جائزہ لیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جس کے بعد آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے۔
چانگ ای 6مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہو چکا ہے اور اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا۔
اس کے بعد مین لینڈر چانگ ای 6 مشن سے یکم جون کو علیحدہ ہو جائے گا، جس کے بعد 2 جون کو چانگ ای 6 مشن قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا ۔
چانگ ای 6 مشن 4جون کو واپسی کا سفر شروع کرے گا ۔
اس سلسلے میں 6 جون کو چانگ ای 6 مشن ڈاکنگ کرے گا اور پروگرام کے مطابق 53 روزہ مشن مکمل کرنے کے بعد 25 جون کو زمین پر واپس لینڈ کرے گا۔
مدار میں پہنچنے کے بعد سیٹلائٹ کی آربٹ ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوگا ۔ انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی سیٹلائٹ کو اگلے 5 سے 6 دن تک ٹیسٹنگ کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی خلائی سائنسدان ڈاکٹر خرم خورشید اور ڈاکٹر قمر الاسلام اس حوالے سے چین میں موجود ہیں۔
ڈاکٹر خرم خورشید کا کہنا ہے کہ آئی کیوب کی آربٹ ٹیسٹنگ میں بیٹری ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
آئی ایس ٹی سیٹلائٹ کے آن بورڈ کمپیوٹر کو چیک کرے گا اگلے 5 دن تک سیٹلائٹ کے کمیونیکیشن سسٹم کو بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی کیوب قمر سیٹلائٹ سے تصاویر 15 یا 16 تاریخ تک حاصل کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں:  ہماری حکومت کا تختہ کیوں الٹا گیا آج تک سمجھ نہ سکا، نواز شریف