9مئی کو قوم اور فوج کو لڑانے کی سازش کی گئی تھی،طاہر محمود اشرفی

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 9مئی کو قوم اور فوج کو لڑانے کی سازش کی گئی تھی، ایک سال گزرنے کے باوجود عدالت سے فیصلے نہیں ہوئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل نے 10مئی کو یوم استحکام پاکستان منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ساکھ مضبوط کرنے کی بات ہوگی، آج سے ایک سال قبل 9مئی کو جو ہوا ایسا 76 سال میں کبھی نہیں ہوا۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ9مئی کو جو ہوا نہ اس پر کوئی معافی آئی نہ کچھ کہا گیا، نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کیا گیا،جو نوجوان جیلوں میں ہیں ان کو اس انتہا تک پہنچانے والا کون تھا اسے سامنے آنا چاہئے، یہ تحقیق ہونی چاہئے اس کا کردار کون ہے؟ فوج اور قوم کے درمیان نفرت پھیلانے والا کون ہے؟ ۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ جو مہم فوج کے خلاف چلائی گئی اور جو آج بھی چل رہی ہے ان کے ذمہ دار کون ہیں؟ سیاست ریاست سے بالا تر ہو تو وہ تخریب کاری ہوتی ہے سیاست نہیں ہوتی، بڑے بڑے سیاست دان جیلوں میں گئے ہم بھی گئے ہیں مگر کبھی ایسی سیاست نہیں ہوئی۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ عدلیہ سے سوال ہے اگر یہ کام علما کی طرف سے ہوا ہوتا تو کیا انہیں بھی معافی ہوجاتی؟ پاکستان مثبت سمت چل پڑا ہے، دوست ممالک انویسٹمنٹ کیلئے آگے بڑھ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے، 9 مئی کے سانحہ پر اگر سزائیں ملیں گی تو پھر ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں:  غزہ میں نئی اسرائیلی فوجی حکومت قائم کرنے کے منصوبے کا انکشاف