فارم 47 حکومت میں ججز کے بعد وکلاء بھی نشانے پر آ گئے، بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: خِبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ اخلاقی جواز سے عاری فارم 47 حکومت میں ججز کے بعد وکلاء بھی نشانے پر آ گئے۔
انہوں نے لاہور میں پولیس کی جانب سے وکلاء پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وکلاء کی آئینی و قانونی جنگ میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر پنجاب پیرس جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ لاہور کی سڑکوں پر احتجاج روز کا معمول بن چکا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 حکومت کی یہی اوقات ہے کہ ان کے دور میں عوام اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر خوار ہو رہے ہیں جبکہ راج کماری ائیر کنڈیشن روم میں تماشا دیکھ کر مزے لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقی جواز سے عاری فارم 47 حکومت میں ججز کے بعد وکلاء بھی نشانے پر آ گئے ہیں، لیکن یہ بات یاد رہے کہ وکلاء برادری سے جس نے بھی پنگا لیا ہے وہ پاش پاش ہوا ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ جعلی فارم 47 حکومت کا بھی آخری وقت آن پہنچا۔ پنجاب کی راج کماری نے گندم کو ہاتھ لگایا تو کسان اجڑ گئے، پولیس یونیفارم پہن لی تو خواجہ سراؤں سے لتر پڑ گئے۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان صورتحال پر ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج