9مئی کےمنصوبہ سازوں اورسہولت کاروں سےمذاکرات نہیں ہونگے، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی (یومِ سیاہ) پر پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحہ 9 مئی (یوم سیاہ) پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہماری قومی تاریخ کے اس سیاہ دن، سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی اور جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان شرپسندعناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں اور قومی ورثے سے تعلق رکھنے والے مقامات کی توڑ پھوڑ کی۔
اس دوران پاکستان کی مسلح افواج نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور ان کے سرغنوں کے ساتھ ساتھ ان کے منصوبہ سازوں کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان شر پسند عناصر کا بنیادی مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان تصادم کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا تھا۔
اپنے مقصد میں ناکام ہونے کے بعد اس سازش کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور کرنے والوں نے مسلح افواج اور ریاست کے خلاف نفرت کی مذموم مہم شروع کی۔ ان شرپسند عناصر نے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر خود کو بری الذمہ قرار دینے اور الزام ریاستی اداروں پر ڈالنے کی بھی کوشش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انہی وجوہات کی بنا پر سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں کے ساتھ نہ تو کوئی سمجھوتہ ہو سکتا ہے اور نہ ہی انہیں قانون کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج کے دن پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔
پیغام می کہا گیا ہے کہ ہمارے شہداء اور ان کے خاندان پاکستان کا فخر ہیں ۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنے وقار اور عزت کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔
آئیے آج پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں کی پرزور مذمت اور اپنے پیارے ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔

مزید پڑھیں:  ہنگو: موٹر کار اورٹرک کے درمیان تصادم میں 2خواتین جاں بحق