قرض حسنہ

سوال
کیا کسی کو قرض دینے سے رزق میں برکت ہوتی ہے؟
جواب
حاجت مند اور ضرورت مند کو قرض دینا اس کی مدد ہے اور حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کا اجر و ثواب صدقہ سے بھی زیادہ ہے، اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں قرض کی صورت میں بھی کسی کے ساتھ تعاون کرنے کی بڑی فضیلت آئی ہے۔
مشكاة المصابيح میں ہے:
ترجمہ:”حضرت براء ؓ راوی ہیں کہ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: جو شخص دودھ کا جانور کسی کو عاریۃً دے یا چاندی (یعنی روپیہ وغیرہ) قرض دے یا کسی راستہ بھولے ہوئے اور نابینا کو کوچہ و راستہ میں راہ بتائے تو اس کو ایک غلام آزاد کرنے کی مانند ثواب ہو گا۔ (ترمذی) ‘‘۔
ایک دوسری روایت میں ہے:
ترجمہ: حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس آدمی کا کسی دوسرے بھائی پر کوئی حق (قرضہ وغیرہ) واجب الادا ہو اور وہ اس مقروض کو ادا کرنے کے لیے دیر تک مہلت دے دی تو اس کو ہر دن کے عوض صدقہ کا ثواب ملے گا۔
حاشية السندي على سنن ابن ماجه (2/ 81
ترجمہ:حضرت قیس بن رومی کہتے ہیں کہ سلیمان بن اذنان نے حضرت علقمہ کو تنخواہ ملنے تک کے لیے ہزار درہم قرض دیے تھے، جب ان کو تنخواہ ملی تو سلیمان نے ادائیگی کا مطالبہ کیا اور ان پر سختی کی تو علقمہ نے ادائیگی کر دی، لیکن یوں لگا کہ علقمہ ناراض ہوئے ہیں، پھر علقمہ کئی ماہ تک ٹھہرے، اس کے بعد سلیمان کے پاس (دوبارہ) گئے اور کہا کہ مجھے ہزار درہم تنخواہ ملنے تک کے لیے قرض دیجیے، کہنے لگے: جی ہاں! بڑی خوشی سے! اے ام عتبہ وہ سر بمہر تھیلی جو تمہارے پاس ہے لاؤ! وہ لائیں تو کہا: سنیے اللہ کی قسم یہ وہی آپ والے درہم ہیں جو آپ نے ادا کیے تھے، میں نے ان میں سے ایک درہم بھی نہیں ہلایا۔ علقمہ نے کہا: اللہ ہی کے لیے تمہارے والد کی خوبی تم نے میرے ساتھ وہ سلوک کیوں کیا تھا؟ سلیمان نے کہا: اس حدیث کی وجہ سے جو میں نے آپ سے سنی، فرمایا: کون سی حدیث آپ نے مجھ سے سنی؟ کہا: میں نے آپ کو حضرت ابن مسعود ؓ روایت کرتے سنا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: جو مسلمان بھی دوسرے مسلمان کو دوبار قرض دے تو اسے ایک مرتبہ اتنا مال صدقہ کرنے کا ثواب ملے گا۔ فرمایا: حضرت ابن مسعود نے یہ حدیث مجھے اسی طرح سنائی۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144205200474
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن

مزید پڑھیں:  پوتے کو دادا کی میراث سے حصہ کیوں نہیں ملتا؟