عمران خان کا معافی مانگنے کا اعلان

9مئی واقعات: عمران خان کا مشروط معافی مانگنے کا اعلان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 9مئی واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان کردیا ۔
اڈیالہ جیل میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پہلے 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے لوگ 9مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی بھی مانگوں گا، ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کیا صرف آئی ایس پی آر کی عزت ہے، پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں، مجھے رینجرز نے گھسیٹا، کیا آپ کا حق نہیں کہ آپ مجھ سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ ظلم ہمارے ساتھ ہوا، ہمارے 10 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، ہمیں الیکشن نہیں لڑنے دیا گیا، ہماری پارٹی پر پابندی لگائی گئی، ہم سانحہ 9 مئی کے متاثرہ ہیں ہم انصاف چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، ہماری 25 مئی کی پٹیشن کو نہیں سنا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کا ایک بھی کارکن آیا تو معافی مانگوں گا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم فارم 47والی حکومت سے کسی صورت بات نہیں کریں گے، معافی وہ مانگتا ہے جس نے غلطی کی ہے، ہم نے کوئی غلطی نہیں کی۔
تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ میرا ، نوازشریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے فعال 390کیسز میں صرف 21 ہسپتال میں زیرعلاج