3 ہزار گلیشیئرز پھٹنے کا خطرہ

3 ہزار گلیشیئرز پھٹنے کا خطرہ، ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب شروع

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے 3 ہزار گلیشیئرز پھٹنے کا خطرہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث منڈلانے لگا ہے، اس سے بچاو کیلئے جہاں مقامی ٓباد کی تربیت کی جا رہی ہے وہیں ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کو موسمیاتی تغیرات کے باعث 3ہزار چھوٹے گلیشیئرز سے خطرات لاحق ہیں ان گلیشیئرز سے اپر و لوئر چترال، اپر دیر ، سوات اور کوہستان کے متعدد علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
گلیشیئر پھٹنے سے پیداہونیوالی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پانچ اضلاع میں ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے ترقی کے منصوبے گلاف ٹو کے تحت اپر چترال، لوئر چترال، سوات، اپر دیر اور کوہستان کی 8 وادیوں میں ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
امسال مکمل ہونے والا یہ سسٹم سوات کی وادی منکیال، مٹلتان، اترور، اپر دیر کی وادی کمراٹ، اپر چترال کی وادی ریشون، لوئر چترال کی وادی ارکری اور مداقلشت اور اپر کوہستان کی وادی کندیہ میں لگایا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 6لاکھ 96ہزار سے زائد افراد کی تربیت بھی مکمل کرلی گئی ہے جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہونگے۔ ان میں نصف تعداد خواتین کی ہے ۔
صوبائی حکومت کے متعدد محکمے آبپاشی، آن فارم واٹرمینجمنٹ، جنگلات و ماحولیاتی تبدیلی، سماجی بہبود اور دیگر کے تعاون سے شروع ان منصوبوں کو صوبائی حکومت کے حوالے کیا جائیگا۔
ان مقامات پر محفوظ پناگاہیں بھی تعمیر کی گئی ہیں جو مقامی آبادی کو نقل مکانی کی صورتحال میں عارضی چھت فراہم کریںگی۔
گلاف ٹو حکام کے مطابق اس وقت اپر چترال کی وادی ریشون میں دریا نے تباہی مچا رکھی ہے، اور دریا اپنے حدود سے بھی مستقل طور پر تجاوز کرگیا ہے، کٹاﺅ کے باعث شہریوں کے گھر اور زمین دریا برد ہوگئے ہیں جس کے بعد محکمہ آبپاشی کی مدد سے رواں برس ستمبر میں دریا کو واپس اپنے مقام پر لانے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
اب تک 70واٹر چینل اور 178پروٹیکشن وال پر کام مکمل کیا گیا ہے ۔ کلام اور اپر و لوئر چترال سمیت دیر اپر اور کوہستان اپر کی خواتین کو گھروں میں سبزیاں اگانے کی تربیت بھی دی گئی ہے، اس سے وہ خوراک بھی خود کفیل ہوئے ہیں۔ 600 سے زائدخواتین اب گھروں میں سلاد، مٹر، آلو اور دیگر سبزیاں و پھل اگا رہی ہیں ۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے 3 ہزار گلیشیئرز پھٹنے کا خطرہ رنگ دکھانے لگا ہے، ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب شروع کر کے کسی حد تک پیشگی اطلاع کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بچایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت میں فائرنگ سے ویلج کونسل ناظم جاں بحق