خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثات، 4 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثہ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، اس دوران 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی جبکہ ایک مطلوب دہشتگرد بھی پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔
ذرائع کے مطابق ضلع صوابی کے علاقے ڈاگئی لار میں دکان کے اندر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں،
صوابی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر ضلع دیر بالا کے علاقے واڑی میں دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، اس دوران 12 سالہ لڑکا شہزاد جاں بحق ہو گیا۔
اس حادثہ میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ دونوں ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بچے کی لاش ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
دوسری طرف ضلع لکی مروت میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ دریائے کرم کے قریب ڈاٹسن اور پک اپ کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے میں ایک افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں عمران نامی شخص جاں بحق جبکہ شفیق اور مومن نامی دو افراد زخمی ہوگئے، تمام متاثرہ افراد کا تعلق ضلع کوہاٹ سے بتایا جاتا ہے۔
اس حادثہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، لاش اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کر دیا گیا۔
ادھر کوہاٹ میں پولیس مقابلہ کے دوران انتہائی مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پوش علاقہ کے ڈی اے میں پولیس مقابلہ میں بین الاضلاعی کریمینل گینگ کا انتہائی مطلوب سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاہے ۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور مشکوک موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف شہروں میں سٹریٹ کرائمز، پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین قسم کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا۔
کے ڈی اے کے مقام پر ناکہ بندی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کی، اس دوران پولیس کی جوابی فائرنگ میں بین الاضلاعی جرائم پیشہ گروہ کا سرغنہ شہزاد عرف طورے سکنہ ورسک روڈ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پولیس کو مل گیا۔
اس کے علاوہ ملزم کے دو ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثہ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، اس دوران 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی جبکہ ایک مطلوب دہشتگرد بھی پولیس کے ہاتھ لگ گیا۔

مزید پڑھیں:  باچا خان مرکز پشاور میں اے این پی کی مرکزی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس