وزیراعظم کا بھارت کو انتباہ

وزیراعظم عمران خان نے دنیا کو ایک بار پھر آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے مذموم عزائم کا پردہ چاک کردیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت فالس آپریشن کر سکتا ہے جس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی گاڑی پر جان بوجھ کر فائرنگ کی، بھارت نے اقوام متحدہ کے نشان نیلے جھنڈے کے باوجود گاڑی کو نشانہ بنایا، اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان بھارت کے اس رویئے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ امر واقعہ یہ ہے کہ بھارت جب بھی اندرونی یا بیرونی طور پر دبائو کا شکار ہوتا ہے تو وہ اپنے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے سب سے آسان ہدف پاکستان کیخلاف جارحیت شروع کردیتا ہے۔ بھارت ان دنوں ایک جانب کورونا وباء کے پھیلائو کی وجہ سے مسائل سے دوچار ہے اور اس کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے کووڈ19وباء تیزی سے پھیل رہی ہے، تو دوسری جانب ان دنوں بھارتی صوبہ پنجاب اور ہریانہ کے زمینداروں کے احتجاج نے اس کے ہوش ٹھکانے لگا رکھے ہیں جبکہ بھاری سکھوں کیساتھ نارواسلوک کی وجہ سے ایک بار پھر نہ صرف بھارت کے اندر خالصتان تحریک زور پکڑ رہی ہے بلکہ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے سکھ کمیونٹی کے لوگ بھی آزاد خالصتان کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں۔ پنجاب اور ہریانہ کے سکھ زمینداروں اور کسانوں کو اگرچہ ابتداء میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دھمکیاں دیں اور تڑیاں لگائیں مگر جب وہ ٹس سے مس نہ ہوئے بلکہ ان کی جانب سے دبائو میں اضافہ ہوا، تو اب بھارتی حکمرانوں نے منت ترلے شروع کر دیئے ہیں، تاہم بھارتی حکمرانوں کی ان پنجابی کسانوں نے ایک نہ چلنے دی، ان وجوہات کی بناء پر بھارتی حکمران اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے نہ صرف اقوام متحدہ کے مبصرمشن کی گاڑیوں پر حملہ آور ہوگئے اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال جانچنے کیلئے جانے والے فوجی مبصرین کی گاڑیوں پر جان بوجھ کر فائرنگ کی تاکہ وہ بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے آزاد کشمیر کے متاثرہ افراد کی جو بھارتی فوجیوں کی جانب سے مسلسل فائرنگ کی زد میں رہتے ہیں حالت زار کا اندازہ کرنے اور حقائق کو دنیا کے سامنے لانے کی بجائے وہاں سے واپس جانے پر مجبور ہو جائیں اور جیسا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کر کے اس کے الزامات پاکستان پر لگانے کی سازش کر رہا ہے تاکہ پاکستان پر بھارت کیخلاف جارحیت کے الزامات لگا سکے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک سکے اور ممکن ہو تو اس کی آڑ میں پاکستان پر حملہ کر سکے تاہم وزیراعظم نے بروقت انتباہ کر کے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ وہ بھارت کی ان سازشوں کو سمجھ لے کیونکہ اگر بھارت نے پاکستان پر کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی نہ صرف صلاحیت رکھتا ہے بلکہ دنیا دیکھ بھی چکی ہے کہ بھارت کی جانب سے ماضی قریب میں ہوئے فضائی حملوں کا جواب جس طرح پاکستان کی بہادر افواج نے دیا اور اس کے جہازوں کو مار گرایا، ابھی نندن کو گرفتار کر کے بعد میں خیرسگالی کے تحت واپس کیا یوں بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا، اس سے بھارت کو اصولی طور پر سبق سیکھ لینا چاہئے تھا، مگر وہ جو سیانوں نے کہا ہے کہ عادی بلا بسم اللہ سے نہیں جاتی اور اب بھی وہ وقتاً فوقتاً لائن آف کنٹرول پر جارحیت سے باز نہیں آتا سویلین آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتا ہے، اس لئے عالمی برادری کو انتباہ کر کے وزیراعظم نے درست اقدام کیا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں اگر بھارت فالس فلیگ آپریشن کی غلطی کرے تو دنیا گواہ ہو اور پاکستان بھارت کو سبق سکھائے تو پاکستان کی جانب کوئی اُنگلی نہ اُٹھا سکے۔ بہرحال بہتر یہ ہوگا کہ بھارتی حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنے اندرونی مسائل سے نمٹنے کیلئے بھارتی کسانوں کے جائز مطالبات تسلیم کرلے اور پاکستان کیخلاف اپنے مذموم عزائم ترک کر دے۔

مزید پڑھیں:  ہراسانی کی کہانی طویل ہے